خیبرپختونخوا میں گورنر راج پر غورکیا جارہا ہے، بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے موجودہ حالات اور گورننس کے مسائل کے باعث صوبے میں گورنر راج کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں گورننس کے مسائل موجود ہیں اور خیبرپختونخوا کے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد جانے کا نہیں بلکہ اقتدار سے جانے کا وقت آگیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو ٹی ٹی پی کی ’’بی ٹیم‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ سیاسی لوگ نہیں بلکہ انتشار پھیلانے والے عناصر ہیں۔



