عالمی بینک کی پنجاب کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کیلئے 7 کروڑ ڈالر کی منظوری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کی تکمیل کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں عالمی بینک نے کنیکٹڈ پنجاب پروگرام کے لیے 7 کروڑ ڈالر (70 ملین ڈالر) کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔

عالمی بینک کے مطابق منصوبے کے تحت پنجاب میں براڈبینڈ انٹرنیٹ کی رسائی اور ڈیجیٹل سرکاری خدمات کو وسعت دی جائے گی، جبکہ 2031 تک مزید 21 لاکھ افراد کو براڈبینڈ سے منسلک کرنے اور فکسڈ براڈبینڈ کوریج 78 لاکھ سے بڑھا کر 99 لاکھ افراد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں 5 کروڑ ڈالر کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ رائٹ آف وے (Right of Way) اجازت ناموں کا دورانیہ 90 دن سے کم کرکے 21 دن تک لانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اس پروگرام کے ذریعے 2031 تک 2 کروڑ 89 لاکھ افراد کو بہتر ڈیجیٹل سرکاری خدمات فراہم کی جائیں گی، جبکہ خواتین کی ڈیجیٹل خدمات تک رسائی 19 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کرنے کا ہدف بھی شامل ہے۔

عالمی بینک کے مطابق پنجاب میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سرکاری خدمات کے لیے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جبکہ ڈیجیٹل انوائس مینجمنٹ سسٹم اور کیش لیس ادائیگیوں کے فروغ کے لیے بھی نئے اقدامات کیے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت 2031 تک ساڑھے 3 لاکھ افراد کو کیش لیس ادائیگی کے نظام سے فعال طور پر منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

عالمی بینک نے کہا ہے کہ کنیکٹڈ پنجاب پروگرام پاکستان کے قومی ڈیجیٹل اور اے آئی وژن سے ہم آہنگ ہے۔ منصوبے کی مجموعی مالیت 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہے، جس میں عالمی بینک 7 کروڑ ڈالر جبکہ پنجاب حکومت 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر بطور شراکتی فنڈ فراہم کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button