سیدوالہ میں پراسرار بیماری کا المناک واقعہ، ایک ہی خاندان کے 3 بچے جاں بحق، تحقیقات شروع


سیدوالہ(جانوڈاٹ پی کے)گاؤں شاہ بلاول میں پراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے تین بچے جاں بحق ہو گئے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 13 سالہ رضوان، 12 سالہ نسیم اور 7 سالہ علیزہ شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب متاثرہ گاؤں پہنچے، جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے ملاقات کی، اظہارِ تعزیت کیا اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق متاثرہ افراد کے بلڈ اور گلے (اورل تھروٹ) کے سیمپلز لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ بیماری کی اصل وجہ اور حتمی صورتحال کا تعین لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے اور طبی ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔