نیتن یاہو کا جنگ جاری رکھنے کا اعلان، ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف مزید کارروائیوں کا عندیہ

تل ابیب(ویب ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران، حماس اور حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، تاہم جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
اسرائیلی نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگیں کبھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں اور خطے میں سلامتی برقرار رکھنے کے لیے ہر وقت مضبوط اور چوکنا رہنا ضروری ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے اور اس نے اپنے مخالفین کی صلاحیت کو نمایاں حد تک کمزور کیا ہے، تاہم ان کے بقول ابھی بھی بہت سا کام باقی ہے اور ایران سے وابستہ باقی عناصر سے نمٹنا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل خطے میں نئے امن معاہدوں کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
مستقبل میں ممکنہ امن معاہدوں کے حوالے سے سوال پر، جس میں سعودی عرب کا بھی ذکر کیا گیا، نیتن یاہو نے کسی ملک کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مرحلے پر کسی مخصوص ریاست کا ذکر نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ پہلے نتائج سامنے لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان کے حوالے سے ایسی پیش رفت ہوئی جس کا ماضی میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا، جبکہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی ملک مضبوط ہوتا ہے تو دیگر ریاستیں اس کے ساتھ تعاون اور امن معاہدوں میں دلچسپی لیتی ہیں۔



