مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ شرائط پوری ہونے تک مزید مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے،باقرقالیباف

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرباقرقالیباف نے ایرانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جاری موجودہ ملاقاتوں کا مقصد ایم او یوکے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
باقرقالیباف نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ شرائط پوری ہونے تک ایران مزید مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ لبنان ایران، امریکا،لبنان میں جنگ کےخاتمے کی نگرانی کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کریں گے۔
باقرقالیباف نے بتایا کہ بحری ناکہ بندی کے خاتمے کے بعد سے ایران 40 ملین سے زائد بیرل تیل برآمد کر چکا ہے، ایران آبنائے ہرمز میں اپنے حقوق پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق آبنائے ہرمز سے بغیر کسی لاگت کے گزرنے کی اجازت صرف 60 دن کے لیے ہوگی، آبنائے ہرمز پر خودمختاری ایران اور عمان کی ہے، آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت انہی انتظامات کے مطابق ہوگی جو ایران مقرر کرےگا۔
ایرانی اسپیکر باقرقالیباف نے کہاکہ ہم خلیج کے ساحلی ممالک کے ساتھ باہمی مشاورت اور تبادلۂ خیال کرتے ہیں، اگر امریکا ایران کو تیل فروخت کرنے سے روکنے کا ارادہ رکھتا ہے تو پھر کوئی بھی تیل سےفائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اب اپنا تیل پہلے کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔



