شدید گرمی کے باعث یکم جولائی سے اسکولوں میں سمر کیمپ پر پابندی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے یکم جولائی سے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سمر کیمپ کے انعقاد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 30 جون تک سمر کیمپ لگانے کی محدود اجازت دی گئی تھی، تاہم یکم جولائی سے کسی بھی تعلیمی ادارے کو سمر کیمپ منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے اور لائسنس کی منسوخی جیسے اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

محکمہ تعلیم نے ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ تمام اسکولوں کو نئے احکامات سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے اور ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں یکم جولائی کو مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گی۔

دوسری جانب والدین نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبہ کو سمر کیمپ میں شرکت کے بجائے اپنا ہوم ورک مکمل کرنے اور محفوظ ماحول میں وقت گزارنے پر توجہ دینی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button