آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، مریم نواز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام جمہوری قوتوں پر مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن پر تمام جمہوری قوتوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس دن کا مقصد عوامی حقوق کے تحفظ، جمہوری روایات کے فروغ اور پارلیمانی اقدار کی پاسداری کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام ہی ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ پارلیمان کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کا فروغ قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام عوام کے مسائل کے حل اور انہیں فیصلہ سازی کا حصہ بنانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے، جبکہ قانون سازی کے ذریعے انسانی حقوق کا تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی جمہوریت کا بنیادی مقصد ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پارلیمان صرف قانون سازی کا ادارہ نہیں بلکہ قوم کی سوچ، دانش اور مستقبل کی سمت متعین کرنے والا اہم قومی فورم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات کی مؤثر نمائندگی جمہوری نظام کو مزید مضبوط بناتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور شفاف حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، جبکہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں گڈ گورننس، مؤثر قانون سازی اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button