کورنگی میں خاتون پر مبینہ تیزاب گردی، وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کورنگی کراسنگ کے علاقے میں خاتون پر مبینہ تیزاب گردی کے واقعے پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعے کی شفاف، غیرجانبدار اور میرٹ پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ 21 جون کو پیش آیا۔ متاثرہ خاتون کرن خان کا کہنا ہے کہ ان کا پڑوسی علی کافی عرصے سے انہیں ہراساں کر رہا تھا۔ ان کے مطابق پڑوسی کی پانی کی ٹینکی بھرنے سے ان کے گھر میں پانی داخل ہو جاتا تھا، جس پر متعدد بار شکایت کی گئی لیکن مسئلہ حل نہ ہو سکا۔

متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق 21 جون کو جب وہ گھر سے باہر نکلیں تو بلڈنگ کے میزانائن فلور پر پڑوسی علی نے مبینہ طور پر ان پر تیزاب پھینکا اور ایک خاتون کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم اب تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان فلیٹ پر قبضے کا تنازع بھی زیرِ سماعت ہے اور ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرائے جا چکے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اگر متاثرہ خاتون کی درخواست پر بروقت مقدمہ درج نہیں کیا گیا تو اس کی وجوہات معلوم کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے نامزد ملزم کی فوری گرفتاری، متاثرہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات، مکمل تحفظ اور قانونی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور تیزاب گردی جیسے سنگین جرائم ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ملوث عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شواہد قانون کے مطابق جمع کیے جائیں، متاثرہ خاتون کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھا جائے اور مقدمے کی پیش رفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button