پنجاب میں بی ڈی ایس پروگرام 4 سے بڑھا کر 5 سال کا، یو ایچ ایس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب کے تمام ڈینٹل کالجز میں بی ڈی ایس پروگرام کی مدت چار سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی، جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) کی ہدایات کے تحت پانچ سالہ انٹیگریٹڈ بی ڈی ایس نصاب نافذ کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستانی ڈینٹل گریجویٹس کی ڈگری کو عالمی سطح پر مزید قابلِ قبول بنانا ہے۔
یو ایچ ایس کے مطابق نئے نصاب میں کلینیکل ٹریننگ، سمولیشن لیبارٹریز اور تحقیقی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جا سکے۔
یونیورسٹی نے بتایا کہ پہلے سے چار سالہ بی ڈی ایس مکمل کرنے والے گریجویٹس کے لیے بریجنگ پروگرام یا ٹاپ اپ ایئر کی تجویز بھی دی گئی ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی ڈگری کو پانچ سالہ معیار کے مساوی بنا سکیں گے۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستانی ڈینٹسٹس کے لیے بیرون ملک ملازمت اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوگا، جبکہ ڈینٹل تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



