آج سے 3 جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 3 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور متوقع بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس سے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات بھی موجود ہیں، جبکہ ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت حساس علاقوں کے رہائشیوں، سیاحوں اور مسافروں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اور دریا کناروں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دیں۔

ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button