سندھ کے سرکاری سکول نے عالمی سطح پرپاکستان کانام روشن کردیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سرکاری اسکول نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے ایک تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول ٹنڈو میر غلام حسین، لطیف آباد نمبر 9، حیدرآباد، T4 Education کے World’s Best School Prizes 2026 میں دنیا کے ٹاپ10فائنلسٹ اسکولوں میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

سکول نے کمیونٹی کولیبوریشن (Community Collaboration) کیٹیگری میں عالمی ٹاپ 10 فائنلسٹس میں جگہ بنا کر نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کے سرکاری تعلیمی نظام کے لیے بھی ایک منفرد اعزاز حاصل کیا ہے۔

T4 Education دنیا بھر میں نمایاں تعلیمی اداروں کو تسلیم کرنے والا بین الاقوامی ادارہ ہے، جبکہ World’s Best School Prizes کو تعلیم کے شعبے کے معتبر ترین عالمی اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔

دنیا بھر سے ہزاروں اسکولوں کی درخواستوں میں سے صرف چند ادارے ہی عالمی ٹاپ 10 فائنلسٹس میں جگہ بنا سکے۔ پاکستان سے صرف دو اسکول اس اعزاز کے لیے منتخب ہوئے، جن میں پنجاب کا ایک نجی اسکول اور سندھ کا یہ واحد سرکاری اسکول شامل ہے۔

اسکول نے کمیونٹی شراکت داری، آگاہی مہمات اور جدید STEAM (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی) پر مبنی تدریسی سرگرمیوں کے ذریعے طالبات میں خوداعتمادی، تخلیقی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کو فروغ دیا، جس کے باعث اسے عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اسکول کی انتظامیہ، پرنسپل، اساتذہ، طالبات، والدین اور مقامی کمیونٹی کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز سندھ میں STEAM تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ اور اساتذہ نے ثابت کیا ہے کہ مناسب مواقع، مؤثر قیادت اور مسلسل محنت کے ذریعے عالمی معیار حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی صرف ایک اسکول کی نہیں بلکہ سندھ کے تعلیمی نظام، سرکاری اسکولوں اور پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ حکومت معیاری تعلیم، جدت، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور کمیونٹی شراکت داری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر بنائے گی تاکہ ملک بھر کے سرکاری اسکول اس کامیابی سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔

Image

مزید خبریں

Back to top button