کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 تعیناتیاں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حتمی فہرست روک دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تعیناتیوں کے معاملے میں حتمی فہرست تیار کرنے اور انٹرویو کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد سے روک دیا، جبکہ وزیراعظم، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت اوورسیز پاکستانیز سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس ایاز شوکت نے رضا حسن کی درخواست پر سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل شاہد محمود کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں بیرون ملک تعیناتی کے طریقہ کار اور درخواست گزار کو انتخابی عمل سے خارج کیے جانے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رضا حسن نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی آسامی کے لیے آئی بی اے کراچی کا تحریری امتحان پاس کیا اور مطلوبہ اہلیتی اسکور حاصل کرنے کے باوجود انہیں انٹرویو کے مرحلے سے خارج کردیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق انٹرویو سے خارج کرنا غیر قانونی اور من مانا اقدام ہے، جبکہ بیرون ملک مشنز میں تقرریوں سے متعلق ترمیم شدہ پالیسی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ متعلقہ اتھارٹی نے درخواست گزار کو نوٹس دیے بغیر اور مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیے بغیر نام فہرست سے نکال دیا اور فیصلے کی وجوہات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔

عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کو سماعت کا موقع دیے بغیر کارروائی کرنا اصولِ فطری انصاف کے منافی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کو بذریعہ سیکرٹری، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت اوورسیز پاکستانیز سمیت دیگر فریقین سے کامیاب امیدواروں، انٹرویو کے لیے بلائے گئے امیدواروں اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کے انتخابی عمل کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔

عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت سے قبل پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ حکمنامے کے مطابق انٹرویو کمیٹی کا اجلاس 17 سے 20 اگست 2026 تک منعقد ہوچکا ہے۔

عدالت نے تحریری امتحان پاس کرنے والے امیدواروں اور انٹرویو کے لیے بلائے گئے امیدواروں کی فہرست بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17 سے 20 اگست تک ہونے والے انٹرویو کمیٹی اجلاس کی سفارشات کو آئندہ سماعت تک حتمی شکل دینے، نوٹیفائی کرنے یا ان پر عملدرآمد سے روک دیا ہے۔

کیس کی آئندہ سماعت 24 ستمبر 2026 کو ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button