190 ملین پاؤنڈ کیس: بشریٰ بی بی کی سزا معطلی اپیل پر جلد سماعت کی درخواست

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا یافتہ بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کی اپیل پر جلد سماعت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو آنکھوں کی بیماری دوبارہ لاحق ہوگئی ہے جبکہ جیل میں علاج کی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔ درخواست کے مطابق علاج میں مزید تاخیر سے ان کی باقی ماندہ بینائی اور مجموعی صحت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی کی اپیل پر فیصلہ نہ ہونے کے باعث بشریٰ بی بی مسلسل قید میں ہیں، جو ان کی صحت پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔ وہ جیل میں ہیں اور ان کی اپیل سماعت کے لیے مقرر ہونے کی منتظر ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ سزا معطلی کی اپیل کو 21 ستمبر 2026 سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ طویل اور غیر واضح تاخیر کے باعث بشریٰ بی بی کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچ چکا ہے، اس لیے انصاف کے مفاد میں سزا معطلی کی اپیل پر جلد سماعت کی درخواست منظور کی جائے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ احتساب عدالت نے جنوری 2025 میں انہیں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔



