لاہور کی فضائی حدود میں 2 روز بعض فضائی راستے عارضی بند رکھنے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے آپریشنل وجوہات کے باعث لاہور کی فضائی حدود میں بعض فضائی راستے عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے نیا نوٹم جاری کردیا۔
جاری کردہ نوٹم کے مطابق لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں 5 فضائی راستے عارضی طور پر بند رہیں گے، جن میں جھنگ سے ساجن اور ریگٹ سے ڈی آئی خان سمیت دیگر فضائی راستے شامل ہیں۔
پی اے اے کے مطابق یہ فضائی راستے 17 اور 18 ستمبر کو صبح 5:30 بجے سے 7:30 بجے تک بند رہیں گے۔
نوٹم کے مطابق مذکورہ فضائی راستے زمین سے غیر معینہ بلندی تک تمام پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، تاہم مسافروں اور ایئرلائنز کی سہولت کے لیے متبادل فضائی راستے دو طرفہ پروازوں کے لیے دستیاب رہیں گے۔
ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق ڈی آئی خان سے آنے اور جانے والی پروازوں کے لیے فضائی ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ کرنا لازمی ہوگا۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ فضائی راستوں کی عارضی بندش مکمل طور پر آپریشنل وجوہات کے پیش نظر کی گئی ہے۔



