ایس ایم ایز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، چھوٹے کاروباروں کی ترقی حکومت پنجاب کی ترجیح ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ (MSME) کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عالمی دن کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ پنجاب میں ایس ایم ایز کے فروغ کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور حکومت تاجروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے ایس ایم ایز کی مالی معاونت کر رہی ہے، جبکہ آسان کاروبار اسکیم کے باعث ٹرانسپورٹ اور ہول سیل سیکٹر میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لائیو اسٹاک، زراعت، دستکاری، گارمنٹس اور دیگر شعبوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، کیونکہ ان میں سرمایہ کاری اقتصادی استحکام، روزگار کے مواقع اور معاشی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں ٹیکس نہ بڑھا کر ایس ایم ایز کو ریلیف فراہم کیا ہے، جبکہ امن و امان کی بہتر صورتحال سے بھی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔ حکومت چھوٹی صنعتوں کو درپیش چیلنجز کے حل، جدید ٹیکنالوجی، لاجسٹک سپورٹ اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button