ایف بی آر دفاتر کے اوقات کار میں توسیع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال کے اختتام پر ریونیو اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے 27 سے 30 جون تک ٹیکس دفاتر کے اوقات کار میں توسیع اور خصوصی انتظامات کا اعلان کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی وصولی کے لیے تمام متعلقہ دفاتر، بشمول لارج ٹیکس پیئر آفسز (LTOs)، میڈیم ٹیکس پیئر آفس (MTO)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (CTOs) اور ریجنل ٹیکس آفسز (RTOs)، معمول کے مطابق کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ایف بی آر کے دفاتر کل بروز اتوار بھی کھلے رہیں گے، جبکہ 29 جون کو دفاتر رات 8 بجے تک کام کریں گے۔ 30 جون کو ٹیکس وصولی کے لیے دفاتر رات 12 بجے تک کھلے رکھے جائیں گے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ان لینڈ ریونیو آپریشنز ونگ نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور چیف کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیکس وصولی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تمام واجبات بروقت جمع کرا کر قومی ریونیو اہداف کے حصول میں تعاون کریں۔



