پرامن عاشورہ، مریم نواز کا پنجاب پولیس، انتظامیہ اور تمام اداروں کو زبردست خراجِ تحسین

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے پرامن، باوقار اور منظم انعقاد پر پنجاب کی انتظامیہ، پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا، "الحمدللہ… شاباش ٹیم پنجاب”، اور کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کا پرامن اور منظم انعقاد ممکن بنایا گیا۔
انہوں نے تمام صوبائی وزراء، اراکین پنجاب اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود عزاداروں کی سہولت کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبیلیں، عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ اور سموگ گنز کے ذریعے پانی کی پھوار کا مؤثر انتظام کیا گیا، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات بھی یقینی بنائے گئے۔
انہوں نے پنجاب پولیس کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود پولیس افسران اور اہلکار میدان میں موجود رہے اور اپنی فرض شناسی سے عاشورہ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھا۔
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دینے والے تمام بہادر جوان قابلِ فخر ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔



