وزیراعلیٰ مریم نواز کی یوم عاشور پر امن و امان کے قیام اور دیگر امور انجام دینے والوں کو شاباش

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے یوم عاشور پر امن و امان قائم رہنے پر صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، انتظامیہ، پولیس اورقانون نافذ کرنے والے سمیت تمام اداروں کو شاباش دی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے یوم عاشور پر امن و امان قائم رہنے اور تمام معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ طے پانے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے شاباش ٹیم پنجاب لکھا۔
انہوں نے لکھا کہ گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی محرم الحرام کا پرامن، باوقار اور منظم انعقاد ممکن ہوا، محرم جلوس اور مجالس کے پرامن انعقاد پر پوری ٹیم پنجاب کو دل کی گہرائیوں سے شاباش دیتی ہوں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ۔تمام صوبائی وزرا، ایم پی ایز، پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ، پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور لوکل گورنمنٹ کے جوانوں نے دن رات ایک کر کے جس طرح اپنے فرائض سرانجام دیئے وہ قابلِ ستائش ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید گرمی میں عزاداروں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے گئے بہترین اقدامات اپنی مثال آپ ہیں، چپے چپے پر ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کا شاندار انتظام، جلوسوں کے راستوں پر عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا جبکہ گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے اسموگ گنز کے ذریعے پانی کی پھوار نے لوگوں کو بہت سکون فراہم کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر ستھرا پنجاب کی ٹیموں نے صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنا کر ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔ تمام اداروں کا باہمی تعاون اور ٹیم ورک واقعی ہم سب کیلیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں جھلسا دینے والی گرمی کے باوجود پنجاب پولیس کے جوان سڑکوں پر متحرک رہے، پنجاب پولیس موسم کی سختی کی پروا کیے بغیر عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا۔ پولیس افسروں اور اہلکاروں کی فرض شناسی اور دن رات کی محنت کی بدولت عاشورہ انتہائی پرامن اور خیر و عافیت سے گزرا۔
مریم نواز شریف نے لکھا کہ تپتے موسم میں عوام کی خدمت کو ترجیح دینے والے اپنے ان تمام بہادر جوانوں کو شاباش دیتی ہوں، آپ ہمارا فخر ہیں۔ جیتے رہیں۔



