فضائی حدود میں کشیدگی! ایران اور اسرائیل میں نیا تناؤ بڑھ گیا


تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی افواج کی مشترکہ کمانڈ خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کی فضائی حدود میں اسرائیلی طیاروں کی موجودگی ایران کی قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے، جسے ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان کے مطابق اسرائیلی طیاروں کو ایران کی جانب آتے ہوئے ہمسایہ ممالک کی فضائی حدود میں دیکھا گیا، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک خطرناک پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اس صورتحال کو اپنی قومی سلامتی کے خلاف براہِ راست خطرہ تصور کرتا ہے اور اگر امریکا اسرائیل کو ایسے اقدامات سے روکنے میں ناکام رہا تو ایران کو اپنے دفاع میں مناسب جواب دینے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اپنے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے یا جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔