اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا انوکھا احتجاج، پرواز کی فنی خرابی پر رن وے کے قریب دھرنا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں فنی خرابی اور طویل تاخیر کے خلاف مسافروں نے رن وے کے قریب دھرنا دے کر شدید احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز PA-2766 دوپہر ایک بجے روانہ ہونا تھی، تاہم بورڈنگ مکمل ہونے کے بعد طیارے میں تکنیکی خرابی سامنے آنے پر پرواز مسلسل تاخیر کا شکار رہی۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ مقررہ وقت سے کئی گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے لیکن بار بار تاخیر کے باعث شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق کئی گھنٹوں بعد پرواز روانہ ہوئی، تاہم ٹیک آف کے کچھ دیر بعد دوبارہ فنی خرابی پیدا ہونے پر طیارے کو واپس اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔
اسلام اباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تاریخ میں پہلی بار رن وے پر مسافروں کا دھرنا۔۔
اسلام اباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر 200 سے زائد مسافروں نے دھرنا دے دیا
اسلام اباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر 200 افراد نجی ایئر لائن کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔۔ pic.twitter.com/eNwohyoeHR— Ahmed Bhatti (@Rayahmadbhatti) June 23, 2026
طیارے کی واپسی کے بعد مشتعل مسافروں نے رن وے کے قریب احتجاجی دھرنا دے دیا۔ احتجاج میں بزرگ شہریوں، خواتین، بچوں اور ملازمت پیشہ افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔
مسافروں نے مؤقف اختیار کیا کہ کئی افراد کی چھٹیاں ختم ہو رہی تھیں جبکہ بعض مسافروں کو اپنی ملازمتوں پر فوری واپس پہنچنا تھا، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدائی طور پر ایئرلائن عملے اور ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو احتجاج ختم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم بعد میں ایئرلائن کے اعلیٰ حکام نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کیے۔
ایئرلائن انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ تمام متاثرہ مسافروں کو ترجیحی بنیادوں پر اگلی صبح 10 بجے سعودی عرب روانہ کیا جائے گا، جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔
بعد ازاں مسافروں کے لیے ہوٹلوں میں رہائش اور آمدورفت کے انتظامات کیے گئے اور انہیں رات گزارنے کے لیے مختلف مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔



