اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس: ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 2 جولائی تک توسیع کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے مقدمے کی سماعت کی، جس دوران ثاقب چدھڑ اپنی اہلیہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کروائی۔

دوران سماعت این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے جا چکے ہیں، جبکہ مقدمے کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 جولائی تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے سے تفصیلی تفتیشی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ مقدمے کی آئندہ سماعت میں فرانزک رپورٹ اور تفتیشی پیش رفت کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button