مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ہم جنگ کے خاتمے کی پوزیشن میں آگئے، قطر

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد فریقین جنگ کے خاتمے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ابتدائی معاہدہ پاکستانی شراکت داروں کی بھرپور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے علاقائی اور عالمی سطح پر مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف ممالک کی حمایت حاصل کرکے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے آغاز کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں مفاہمتی یادداشت ممکن ہو سکی۔
قطری وزیراعظم کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد جنگ کا خاتمہ اور آئندہ جامع مذاکرات کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان نے مزید کہا کہ آئندہ مذاکرات میں ایرانی جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور خطے کے استحکام سمیت اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفارتی پیش رفت خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور تنازعات کے پائیدار حل میں مددگار ثابت ہوگی۔



