جنگ بندی برقرار رکھنے کیلئے ہم اتحادیوں،اسرائیلیوں اور خلیجی ممالک کیساتھ مل کرکام کر رہے ہیں،جے ڈی وینس

سوئٹزرلینڈ(جانوڈاٹ پی کے)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سوئٹزرلینڈ سے واپس امریکا روانہ ہوگئے.
امریکا روانگی سے پہلے ائیرپورٹ پر نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں گزارے 36 گھنٹے بہت نتیجہ خیز رہے، ہم نے تبدیل شدہ اور مختلف مشرق وسطیٰ کی بنیاد رکھی ہے، اب اس پر کام جاری رکھنا ہوگا۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ ہم نے ایسا طریقۂ کار قائم کرلیا ہے جس سے آبنائے ہرمز کھلی رہے گی، اب ایندھن کی قیمتیں مزید کم ہوتی رہیں گی، علاقائی جنگ بندی یقینی بنانے کے لیے بھی مناسب نظام قائم کیا ہے۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ جنگ بندی برقرار رکھنے کیلئے ہم اتحادیوں،اسرائیلیوں، خلیجی ممالک سب کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ایران نے بہت عرصے بعد ہتھیاروں، جوہری پروگرام کے معائنہ کاروں کو آنے کی اجازت دی ہے، معائنہ کاروں کو داخلے کی اجازت بڑی بات ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہے کہ معائنہ کرایا جاتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، ایران کے ساتھ تکنیکی مذاکرات میں مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے۔



