منصوبے سوسال میں بھی مکمل نہیں ہوں گے،علی امین گنڈا پور نے اپنی ہی حکومت کو لتاڑ دیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلی اور تحریک انصاف کےرہنماعلی امین گنڈاپور نے اپنی ہی حکومت کے بجٹ کا پوسٹ مارٹم کردیا اور کہا کہ یہ منصوبے سوسال میں بھی مکمل نہیں ہوں گے اور اسکیمیں اراکین اسمبلی کے گلے کا پھندا بنیں گی۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ پر تقریر کے دوران سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تھرو فارورڈ اتنا زیادہ ہوگیا ہے کہ خوش حال ہزارہ جیسے منصوبے سو سال میں بھی مکمل نہیں ہونے والے، کروڑوں روپے منصوبوں کے لیے ہزاروں روپے مختص کیے گئے ہیں، یہ اسکیمیں ارکان اسمبلی کے گلے کا پھندا بنیں گی، یہ ہماری نااہلی ہے کہ وفاق سے صوبے کا حق نہیں لے سکے، وفاق کو قبائلی علاقوں کا حق تسلیم کرنا چاہیے، جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ معاشرہ ترقی نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی نہیں ہورہی اس کی وجہ یہی ہے کہ لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا، یہ قانون ساز اسمبلی ہے لیکن قانون کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا یہ یماری نااہلی ہے، آج میرا لیڈر جیل میں ہے کل آپ کا لیڈر جیل میں ہوگا۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی چیرمین پی ٹی آئی عمران خان قید ہیں، انہیں وہ حقوق نہیں مل رہے، جو ایک قیدی کو ملنے چاہئیں، عمران خان کی ملاقات نہیں کرائی جا رہی ہے، ملاقات کے لیے ہمیں دباؤ بڑھانا ہوگا، بانی چئیرمین پی ٹی آئی کا وژن ہے قوموں پر خرچ کریں، ہم نے قوم پر کتنا خرچ کیا اور عوام کو کیا فائدہ ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button