ایران امریکا مذاکرات: اسلام آباد ایم او یو پر عملدرآمد شروع، 6 ارب ڈالر ریلیز کی تجویز ، عرب میڈیا

برگن اسٹاک (ویب ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی سے متعلق “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” پر عملدرآمد کے لیے تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور شروع ہو گیا ہے۔
مذاکرات میں امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے نمائندے شریک ہیں، جہاں دو طرفہ اور سہ فریقی سیشنز بھی منعقد ہو رہے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور قطر کے درمیان ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی پر بات چیت ہوئی ہے، اور ابتدائی طور پر 6 ارب ڈالر جاری کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ تاہم اس پر عملدرآمد کے لیے ایران کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دوپہر میں ایک مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوگا جس میں چاروں فریق شریک ہوں گے، جبکہ مذاکرات ایک روزہ ہوں گے اور لبنان میں جنگ بندی بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی نائب صدر سے ملاقات ہوئی، جس میں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ امریکی، ایرانی اور قطری اعلیٰ حکام بھی اس عمل میں شریک ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس پورے عمل میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
سوئس وزارت خارجہ نے بھی پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودگی مذاکراتی عمل کے لیے اہم ہے۔



