لاہور ایئرپورٹ توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ، ڈی جی پی اے اے کی کام تیز کرنے کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل ذیشان سعید نے لاہور ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر ڈی جی پی اے اے نے منیجنگ ڈائریکٹر نیسپاک کوکب حسین بھٹی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر توقیر اقبال سے ملاقات کی۔ اس دوران منصوبے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں مختلف تکنیکی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں لاہور ایئرپورٹ توسیعی منصوبے کی موجودہ پیش رفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ مراحل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈی جی پی اے اے نے اس موقع پر کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل قومی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے نیسپاک حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایم ڈی نیسپاک کوکب حسین بھٹی نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دونوں اداروں کے حکام نے اس منصوبے کو ملکی ہوا بازی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اسے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



