لاہور میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے شہری زخمی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ساندہ کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعے میں شہری پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے فوری موقع پر پہنچ کر طبی امداد فراہم کی جس کے بعد متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شہری حمزہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی، جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد اسے مزید علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث شہری کی جان بچ گئی اور اس کی حالت اب تسلی بخش ہے۔
شہریوں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پتنگ بازی کے دوران استعمال ہونے والی خطرناک ڈور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ایسے حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔



