بلوچستان اسمبلی نے 1089 ارب روپے کا بجٹ منظور کر لیا، تمام مطالباتِ زر کی منظوری

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان اسمبلی نے مالی سال 2026-27 کے لیے 1089 ارب روپے مالیت کے بجٹ کی منظوری دے دی، جبکہ ایوان نے مجموعی طور پر 98 مطالباتِ زر بھی منظور کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے ایوان میں مختلف محکموں سے متعلق 98 مطالباتِ زر پیش کیے، جنہیں اسمبلی نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔
منظور شدہ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 797 ارب 80 کروڑ 88 لاکھ روپے مالیت کے 53 مطالباتِ زر شامل ہیں، جبکہ ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں کیلئے 291 ارب روپے کے 45 مطالباتِ زر کی منظوری دی گئی۔
بجٹ منظوری کے دوران اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی مطالبۂ زر پر کٹوتی کی تحریک پیش نہیں کی گئی، جس کے باعث تمام مطالبات بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے منظور ہو گئے۔
بلوچستان اسمبلی نے خطیر حجم کے بجٹ کی منظوری کا عمل تقریباً ایک گھنٹے کے اندر مکمل کیا، جسے صوبے کی مالی منصوبہ بندی میں ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
منظور شدہ بجٹ کے تحت ترقیاتی اور انتظامی امور کیلئے فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ صوبے میں جاری منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں کو آگے بڑھایا جا سکے۔



