اسلام آباد اور راولپنڈی میں چند گھنٹوں میں شدید طوفان کا خدشہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے اطراف موجود فعال موسمی نظام کے زیر اثر آئندہ چند گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، ٹیکسلا، تلہ گنگ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش اور آندھی متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، چکوال، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ اور میانوالی سمیت متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے اسکردو، دیامیر، استور، غذر، ہنزہ، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، پونچھ، میرپور اور بھمبر میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے کراچی، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، جیکب آباد، گھوٹکی، کشمور اور دیگر علاقوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کے ممکنہ خطرے سے خبردار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور تعمیرات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے اور موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



