گھر میں آتشزدگی، امریکی اداکار اہلیہ سمیت ہلاک

نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ٹی وی ڈرامہ آل مائی چلڈرن میں ہیوئی کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار پال ایوری اور ان کی اہلیہ شیلا ایوری گھر میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق نیو جرسی کے علاقے بلیئرز ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ سے رات 12:38 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
امدادی اہلکاروں نے گھر کے اندر پال ایوری اور ان کی اہلیہ کو بے ہوش حالت میں پایا اور فوری طور پر انہیں باہر نکال کر طبی امداد فراہم کی، تاہم دونوں شدید جھلسنے کے باعث دم توڑ گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر رات 1:03 بجے قابو پا لیا گیا جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
81 سالہ پال ایوری نے تقریباً دو دہائیوں تک شوبز انڈسٹری میں خدمات انجام دیں اور اپنی اداکاری کے ذریعے ناظرین میں خاص مقام بنایا۔ اداکاری کے علاوہ وہ صحافت سے بھی وابستہ رہے اور نیو جرسی کے مقامی اخبار کے شریک بانی تھے۔ وہ مقامی حکومت میں بھی سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔
اداکار کی بیٹیوں کائل ایوری اور پارکر سانچیز نے والدین کی وفات کو خاندان کیلئے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔



