باپ سایہ، چراغ اور حوصلے کی علامت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فادرز ڈے پر خراجِ تحسین

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فادرز ڈے کے موقع پر اولاد سے محبت، ان کی حفاظت اور حقوق کی ادائیگی کرنے والے تمام والدین کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ باپ ایک سائبان کی مانند ہوتا ہے جو خود کڑی دھوپ اور بارش برداشت کر کے اپنے بچوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عظیم باپ نہ صرف اولاد کو جینا سکھاتا ہے بلکہ انہیں اعتماد کے ساتھ سر اٹھا کر زندگی گزارنے کا حوصلہ بھی دیتا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ باپ وہ چراغ ہے جو ہر اندھیرے میں اولاد کے لیے روشنی کا سبب بنتا ہے اور بیٹیوں کو اعتماد اور جرات کے ساتھ زندگی گزارنے کا حوصلہ دیتا ہے۔
انہوں نے اپنے ذاتی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نواز شریف ان کے رہنما، استاد اور سب سے بڑی طاقت ہیں۔ ان کے مطابق والد کی گود ان کی زندگی کا پہلا مکتب اور ان کا سایہ مضبوط ترین سہارا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ والد کی محبت اور دعائیں ہر لمحہ انسان کو گھیرے رکھتی ہیں اور دعا ہے کہ ہر بچے کو ایسا باپ ملے جو انہیں خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے۔



