ایڈووکیٹ راجہ امجد خان کا آزاد کشمیر کی کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے اظہارِ لاتعلقی

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر کور کمیٹی راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ نے تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں راجہ امجد علی خان نے کہا کہ جس پرامن تحریک کا آغاز عوامی مسائل کے حل کیلئے کیا گیا تھا، اس کا رخ موڑ کر اسے پاکستان اور کشمیر کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سادہ لوح نوجوانوں کو جیلوں میں پہنچایا گیا جبکہ پس پردہ معاملات طے کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان اپنے مستقبل کو ایسی سرگرمیوں کی نذر نہ کریں اور مثبت سیاست کی جانب واپس آئیں۔

راجہ امجد علی خان نے واضح کیا کہ ان کا پاکستان کے خلاف اٹھنے والی کسی آواز یا کسی قوم پرست تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، بیرونی اشاروں پر افراتفری اور بدامنی پھیلانے والی انتشاری کمیٹی سے دیگر ارکان بھی لاتعلقی کا اعلان کر رہے ہیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ شرپسند عناصر کے پروپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے سے متاثر نہ ہوں کیونکہ ان سرگرمیوں کا عوامی مفاد سے کوئی تعلق نہیں۔

ماہرین کے مطابق راجہ امجد علی خان کی لاتعلقی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کیلئے بڑا دھچکا ہے، راجہ امجد علی خان تحریک کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور ان کی علیحدگی سے کمیٹی کو قانونی اور تنظیمی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button