چلاس میں انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج، شاہراہ قراقرم بند، ہزاروں مسافر پھنس گئے

چلاس(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عطا اللہ کے حامیوں کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج بدستور جاری ہے، جس کے باعث گلگت بلتستان میں نظامِ زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مظاہرین نے بٹوگاہ پل سے زیرو پوائنٹ تک متعدد مقامات پر شاہراہِ قراقرم پر پتھر رکھ کر ٹریفک مکمل طور پر معطل کر دی ہے۔ احتجاجی دھرنے کے باعث بابوسر روڈ بھی بند ہے، جس سے خطے کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

شاہراہوں کی بندش کے باعث سینکڑوں گاڑیوں میں ہزاروں مسافر اور سیاح پھنس گئے ہیں۔ خواتین، بچے اور بزرگ شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سیاسی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ فارم 49 اور پوسٹل بیلٹس کی گنتی کے بغیر کامیابی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔

مظاہرین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شفاف پوسٹل بیلٹ گنتی اور فارم 47 کی بنیاد پر فیصلے کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا۔

انتظامیہ صورتحال کو معمول پر لانے اور شاہراہوں کو کھلوانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے، تاہم تاحال ٹریفک بحال نہیں ہو سکی۔

مزید خبریں

Back to top button