اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں فلسطینیوں کی نسل کشی ہورہی ہے،ایہوداولمرٹ

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل کے سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں فلسطینیوں کے خلاف منظم اور ریاستی سطح پر نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم جاری ہیں۔

ایہود اولمرٹ نے اپنے مضمون میں لکھا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف منظم تشدد، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم جاری ہیں جن کی سرپرستی اسرائیلی حکومت کررہی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم نیتن یاہو، وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور دیگر وزرا کو براہِ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں حملے، آتش زنی، املاک کی تباہی اور مویشیوں کی چوری روز کا معمول بن چکا ہے۔

اولمرٹ کے مطابق ہزاروں یہودی آبادکار یاں قابضین حکومتی مدد، تحفظ اور مالی معاونت کے بغیر ایسے جرائم نہیں کرسکتے۔

انہوں نے اسرائیلی پولیس، فوج اور داخلی انٹیلی جنس ادارے شِن بیت پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ وہ یہودی انتہاپسندی اور یہودی دہشتگردی روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

سابق اسرائیلی وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی حکام نے صورتحال پر قابو نہ پایا تو امریکا، یورپی ممالک اور بین الاقوامی فوجداری عدالت ملوث افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی پالیسیوں پر تنقید کو ہر بار یہود دشمنی قرار دینا درست نہیں اور اسرائیلی معاشرے کو اپنے اندر موجود انتہاپسند عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button