جماعت اسلامی نے کل پورے پاکستان میں احتجاج کی کال دے دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن  نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 28 فروری کی سطح پر لانے کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا، اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر ہونی چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے اور حکومت اپنے وعدے پورے کرے۔ ان کے مطابق عوام پر بھاری ٹیکس اور اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے جبکہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز (IPP) معاہدوں کے باعث عوام سے اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں، اور گزشتہ سال صرف کیپیسٹی پیمنٹس کی مد میں 1800 ارب روپے کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے اور حکومتی اخراجات میں کمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی و معاشی مفادات توانائی کے شعبے میں موجود ہیں جو عوامی ریلیف میں رکاوٹ ہیں۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ جاگیردار طبقہ ٹیکس نظام میں اپنا حصہ نہیں ڈال رہا جبکہ عام شہری اور نوجوان طبقہ مسلسل مہنگائی کا بوجھ برداشت کر رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button