پٹرول کی قیمت225روپے کی جائے،جماعت اسلامی کا مہنگی پیٹرولیم مصنوعات پر ملک گیر احتجاج کااعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے لیے جمعہ 19 جون کو کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔منصورہ سے جاری ویڈیو پیغام اور ایکس بیان میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمت فوری طور پر 225 روپے فی لیٹر کی جائے اور اسے تین سال کے لیے منجمد کیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، جبکہ ایران امریکا معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا رجحان ہے۔ ایسے حالات میں پاکستان میں بھی عوام کو فوری ریلیف ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 10 یا 20 روپے کی کمی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، حکومت کو فی لیٹر کم از کم 150 روپے تک کمی کر کے پٹرول 225 روپے پر لانا ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مہنگے پٹرول نے ملک کی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے اور غریب، متوسط طبقہ، طلبہ، مزدور، کسان اور بائیک رائیڈرز سب شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ حکومت نے اپنی نااہلی چھپانے اور ٹیکس وصولی کے لیے اسی طبقے کو نشانہ بنایا ہے جو پہلے ہی مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک طالب علم جس کی کوئی قابل ٹیکس آمدنی نہیں، وہ پٹرول پر ٹیکس کیسے ادا کرے؟ ایک موٹر سائیکل چلانے والا جو پورے مہینے میں 40، 50 ہزار روپے کماتا ہے، اس سے بھی فی لیٹر بھاری ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جو ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول کے ہر لیٹر پر لیوی سمیت تقریباً 150 روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال میں بھی پٹرولیم لیوی کی مد میں 1700 ارب روپے جمع کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم غریب عوام، مزدوروں، کسانوں اور متوسط طبقے سے وصول کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button