فیلڈ مارشل سچی بات کرتے ہیں، اس لیے مذاکرات کیلئے امریکا ایران نے اُن پر اعتماد کیا:محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سچی بات کرتے ہیں، اس لیے مذاکرات کیلئے امریکا اور ایران نے اُن پر بھرپوراعتماد کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیغام امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہاکہ امن و امان برقرار رکھنے میں علما کرام کا اہم کردار ہے، اس فورم سے ملک بھر کویکجہتی کا پیغام جانا چاہیے، قومی پیغام امن کمیٹی کا کردار لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیغام امن کمیٹی کو ضلعی سطح پر فعال ہونا چاہیے، علما کرام قوم کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو متحد ہونا ہےدہشت گردی کیخلاف جنگ میں علما کرام کی حمایت اہم ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ محرم الحرام میں امن وامان برقراررکھنا سب کی مشترکہ ذمےداری ہے، فرقہ واریت سے اجتناب کرنے میں ہی عافیت ہے۔
ایران امریکا امن معاہدے سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سچی بات کرتے ہیں، اس لیے مذاکرات کیلئے امریکا اور ایران نے اُن پر بھرپوراعتماد کیا، فیلڈ مارشل واحد شخص تھے جن پر ہر فریق اعتماد کررہا تھا، اس لیے پاکستان نے امن کیلئے کوششیں کیں، قیام امن کیلئے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے اہم کردار اد اکیا۔



