انمول عرف پنکی کے موبائل فون سے غیر معمولی ڈیٹا مل گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے موبائل فون سے فرانزک رپورٹ میں غیر معمولی اور بڑا ڈیٹا سامنے آ گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے کی گئی فرانزک جانچ کی رپورٹ تفتیشی افسر کو موصول ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق موبائل فون سے 100 جی بی سے زائد ڈیٹا ریکور کیا گیا ہے، جس میں 75 ہزار تصاویر اور دیگر امیجز شامل ہیں۔ ڈیٹا میں آن لائن ٹرانزیکشنز اور کلائنٹس سے رقم وصولی کی بینک سلپس کے اسکرین شاٹس بھی موجود ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ فون سے 13 ہزار سے زائد افراد کے کانٹیکٹس اور 42 ہزار کال لاگز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے ایک ہی موبائل فون میں دو واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کیے تھے، جس سے معاملے کی نوعیت مزید سنگین ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریکور ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ کرداروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔



