پاکستان کا بڑا اعلان:امریکا ایران معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تقریب کل اتوار کو ہوگی!

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تقریب کل اتوار کو ہوگی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون رابطہ کیا اور خطے کی صورتحال، امریکا-ایران مذاکرات اور آئندہ علاقائی سفارتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے حتمی مرحلے میں داخل ہونے کا خیرمقدم کیا جبکہ گفتگو اس امید کا اظہار کیا کہ کل متوقع الیکٹرانک دستخطی تقریب کے بعد ہونے والی پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔
گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مذاکراتی عمل کے دوران ثالثی، مفاہمت اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل اور مؤثر کوششوں کو سراہا۔
تاہم وزارت خارجہ کی جانب سے الیکٹرانک دستخطی تقریب کے انعقاد اور مقام کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے رواں ماہ کے آخر میں مصر میں ہونے والے علاقائی چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس (آر-4) کی تیاریوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔



