لاہورمیں آندھی و بارش، متعدد فیڈرز ٹرپ، بجلی کی فراہمی متاثر

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) تیز ہواؤں اور بارش کے باعث لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم آندھی کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق تیز ہواؤں سے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

بجلی سے متاثرہ علاقوں میں ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، اسٹیٹ لائف، باغبانپورہ، جوہر ٹاؤن سمیت متعدد علاقے شامل ہیں، جہاں شہریوں کو بجلی کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز آنے والی آندھی سے بھی مختلف مقامات پر 11 کے وی کی بجلی کی تاروں کو نقصان پہنچا تھا، جس کے اثرات اب تک بعض علاقوں میں موجود ہیں۔ متعلقہ ادارے متاثرہ فیڈرز کی بحالی اور بجلی کی فراہمی جلد بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب میانوالی میں بھی طوفان کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم مختلف فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ آندھی کے باعث بازاروں میں نصب سائن بورڈ گر گئے جبکہ گرد آلود ہواؤں اور سیاہ بادلوں کے باعث حدِ نگاہ بھی متاثر ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button