یو اے ای کا ایران کو 3 ارب ڈالر منتقلی کا دعویٰ مسترد، رپورٹس کو بے بنیاد قرار دے دیا


ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے بعض بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کو 3 ارب ڈالر منتقل کیے جانے کے دعووں میں کوئی صداقت نہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ تمام الزامات اور رپورٹس مکمل طور پر جھوٹی، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ وزارت نے وضاحت کی کہ Iran کے منجمد اثاثوں میں سے کوئی رقم نہ تو جاری کی گئی، نہ منتقل کی گئی اور نہ ہی اس عمل میں متحدہ عرب امارات نے کسی قسم کی سہولت فراہم کی۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا ادارے غیر مصدقہ معلومات شائع کرنے سے گریز کریں اور حساس بین الاقوامی معاملات پر رپورٹنگ کے لیے صرف سرکاری اور مستند ذرائع پر انحصار کریں۔
یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے اربوں ڈالر مالیت کے اثاثے ابوظہبی کے ذریعے تہران منتقل کیے گئے ہیں، تاہم یو اے ای نے ان خبروں کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔