فلم ’پیڈی‘میں جھانوی کپور کی فیس اور رام چرن کی بھاری معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئیں

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور کی حالیہ ریلیز فلم ’پیڈی‘ میں ان کی فیس سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے بعد فلم ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ یہ فلم 4 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی سطح پر نمایاں بزنس کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رام چرن اور جھانوی کپور کی اس ایکشن ڈرامہ فلم نے ریلیز کے ابتدائی پانچ دنوں میں دنیا بھر سے تقریباً 250 سے 300 کروڑ روپے کا بزنس حاصل کیا، جس نے اسے سال کی کامیاب ترین فلموں میں شامل کر دیا ہے۔
فلم میں جھانوی کپور نے ’اچیاما‘ کا کردار ادا کیا ہے اور اطلاعات کے مطابق اس کردار کے لیے انہیں تقریباً 5 سے 6 کروڑ روپے معاوضہ دیا گیا ہے۔ دوسری جانب مرکزی کردار ادا کرنے والے سپر اسٹار رام چرن نے اس پروجیکٹ کے لیے مبینہ طور پر 60 سے 70 کروڑ روپے کے درمیان فیس وصول کی۔
اسی دوران جھانوی کپور سے منسوب ایک مبینہ چیٹ کے اسکرین شاٹس بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے، تاہم نہ تو اداکارہ اور نہ ہی فلم کے پروڈیوسرز نے ان کی تصدیق کی۔
ان مبینہ پیغامات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ نے کچھ مناظر کے دوران ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور پروڈکشن ٹیم سے درخواست کی تھی کہ ان کے کردار کی شوٹنگ میں مخصوص کیمرہ اینگلز اور فریمنگ سے گریز کیا جائے۔ مزید یہ بھی کہا گیا تھا کہ شوٹنگ کے دوران رام چرن نے بعض مناظر میں جھانوی کپور کی حمایت بھی کی تھی اور ان کی درخواست پر مداخلت کی تھی۔



