وفاق کی صوبوں سے بھاری وصولی:ترقیاتی بجٹ میں سے1200ارب روپے کی کٹوتی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ:جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت اور صوبوں کے درمیان مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت صوبے وفاق کو ترقیاتی بجٹ میں سے مجموعی طور پر 1200 ارب روپے کا مالی تعاون فراہم کریں گے۔ معاہدے کے مطابق پنجاب 650 ارب، سندھ 300 ارب، خیبر پختونخوا 180 ارب اور بلوچستان 110 ارب روپے وفاق کو دے گا۔ یہ رقوم وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور قومی سلامتی سے جڑے اسٹریٹجک منصوبوں، بشمول دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم پر خرچ کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے 1750 ارب روپے کی مانگ تھی تاہم طویل مشاورت کے بعد 1200 ارب روپے پر اتفاق ہوا ہے۔ ادھر، سندھ میں پیپلز پارٹی نے اٹھارویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے دفاع کے لیے حکمت عملی تیز کر دی ہے۔ نثار کھوڑو کی سربراہی میں کل کراچی میں ایک اہم سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ترمیم کے خلاف کسی بھی ممکنہ سازش کو روکنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران کالعدم تحریکِ طالبان کے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جو حال ہی میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے خودکش حملوں میں ملوث تھے۔




