رسول بخش پلیجو کی آٹھویں برسی: سندھ کے حقوق، جدوجہد اور فکری ورثے کو شاندار خراجِ عقیدت

بدین (مرتضی میمن\ جانوڈاٹ پی کے) سندھی ہاری تحریک کے زیرِ اہتمام ایشیا کے نامور دانشور، مفکر اور قومی رہنما مرحوم رسول بخش پلیجو کی آٹھویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب دھاڑرکو فارم کے قریب گاؤں اللہ ڈنو نوتکانی میں اصغر نوتکانی کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھی ہاری تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری عبداللہ چانڈیو نے کہا کہ رسول بخش پلیجو جیسے مدبر اور دوراندیش رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق پلیجو صاحب نے وقت اور حالات کی نزاکت کو ہمیشہ سمجھا اور سندھ کے حقوق کے لیے ہر ممکن جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے کے خطرات کو سب سے پہلے رسول بخش پلیجو نے اجاگر کیا اور سندھ کے عوام کو اس کے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کیا۔ ان کی قیادت میں کشمور سے کراچی اور تھر سے کراچی تک لانگ مارچ کیے گئے جنہوں نے صوبے میں ایک مضبوط عوامی تحریک کو جنم دیا اور بالآخر منصوبے کی مخالفت میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب سے دیگر رہنماؤں اصغر نوتکانی، گیان چند مہیشوری، سکندر کاٹھبانبھن اور ڈاکٹر ولی محمد خاصخیلی نے بھی خطاب کیا اور مرحوم پلیجو کی جدوجہد اور سندھ کے حقوق کے لیے ان کی خدمات کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر شاعر میر محمد نظامانی نے انقلابی شاعری اور “سلام پلیجا” پیش کر کے شرکاء سے بھرپور داد وصول کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں کھانا تقسیم کیا گیا جبکہ سندھ کی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button