میر پورخاص:پانی اور بجلی کی طویل بندش پر مہران کالونی کے مکین سڑکوں پر نکل آئے، رنگ روڈ بلاک

میرپورخاص (شاھد میمن\جانوڈاٹ پی کے) پانی اور بجلی کی طویل بندش کے خلاف مہران کالونی کے مکینوں کا احتجاج، روڈ بلاک، ٹائر نذرِ آتش،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تفصیلات کے مطابق مہران کالونی کے رہائشیوں نے پانی اور بجلی کی طویل بندش کے خلاف کھان ناکہ کے مقام پر رنگ روڈ بلاک کرکے اور ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا احتجاجی مظاہرے کی قیادت ذیشان شیخ اور خاتون سکینہ کر رہی تھیں جبکہ بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے بھی احتجاج میں شریک تھے مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سے تین ماہ سے علاقے میں پانی کی شدید قلت ہے جبکہ بجلی کی فراہمی بھی مسلسل تعطل کا شکار ہے ان کا الزام تھا کہ علاقے کا ٹرانسفارمر ہر چند دن بعد خراب ہو جاتا ہے جس کے باعث کئی کئی روز تک بجلی بند رہتی ہے اور شہری شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں احتجاج کے دوران ذیشان شیخ اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور بجلی عوام کا بنیادی حق ہے لیکن متعلقہ ادارے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں نصب کم گنجائش والے ٹرانسفارمر کی جگہ 200 کے وی کا نیا ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ بار بار خرابی اور بجلی کی بندش کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو سکے مظاہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹرانسفارمر چند روز چلنے کے بعد دوبارہ خراب ہو جاتا ہے جس کی مرمت کے لیے علاقے کے لوگ چندہ جمع کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے بزرگ، بیمار افراد، فالج کے مریض، خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں خاتون سکینہ نے بتایا کہ علاقے میں نہ صرف بجلی بلکہ پانی اور گیس کی فراہمی بھی متاثر ہے جس کے باعث روزمرہ زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ کئی دنوں سے بجلی بند ہے جبکہ پانی کی سپلائی بھی معطل ہے جس سے گھریلو امور انجام دینا ناممکن ہو گیا ہے مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر پانی اور بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال نہ کی گئی اور ٹرانسفارمر کا مستقل حل نہ نکالا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا انہوں نے متعلقہ حکام اور بجلی کے ادارے سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے دوسری جانب احتجاج کے باعث رنگ روڈ پر دو طرفہ ٹریفک بلاک ہوگئی جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شدید گرمی میں مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔



