بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بالی وڈ سے دوری اختیار کرنے کی وجہ بتا دی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی نامور اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ انہوں نے حقیقی زندگی اور عام لوگوں کے مسائل کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے خود کو بالی ووڈ کی چکاچوند دنیا سے کسی حد تک دور رکھا۔

اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم کے دوران انٹرویو دیتے ہوئے کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد اکثر محدود ماحول میں رہنے لگتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ زمینی حقائق اور عام لوگوں کی زندگی کے تجربات سے دور ہو جاتے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق جب انہوں نے اپنی نئی فلم “بھارت بھاگیہ ودھاتا” پر کام شروع کیا تو انہیں احساس ہوا کہ کردار کو حقیقت کے قریب انداز میں نبھانے کے لیے ضروری ہے کہ وہ فلمی ماحول سے کچھ فاصلہ اختیار کریں اور عام لوگوں کے درمیان وقت گزاریں۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ سیاست میں آنے کے بعد انہیں مختلف طبقات کے لوگوں سے ملنے اور ان کی زندگیوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا، جس سے ان کی سوچ میں مزید وسعت آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی فنکار حقیقت سے جڑا نہ رہے تو وہ کسی کردار کو مکمل سچائی اور دیانت داری سے ادا نہیں کر سکتا، چاہے وہ کتنا ہی باصلاحیت کیوں نہ ہو۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت کی نئی فلم “بھارت بھاگیہ ودھاتا” 12 جون کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button