لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق، امریکا کا باضابطہ اعلان

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کا مقصد جاری کشیدگی اور لڑائی کا خاتمہ ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے دوران لبنان اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی اس شرط پر نافذ ہوگی کہ حزب اللہ مکمل طور پر فائرنگ بند کرے گی اور جنوبی لیطانی سیکٹر سے اپنے تمام جنگجوؤں کا انخلا یقینی بنائے گی۔
دونوں فریقین نے مخصوص پائلٹ زونز کے قیام پر بھی اتفاق کیا ہے جہاں لبنانی مسلح افواج کو مکمل کنٹرول حاصل ہوگا اور کسی بھی غیر ریاستی مسلح گروہ کو وہاں موجود ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکا کے مطابق اس سکیورٹی فریم ورک کا مقصد لبنان اور اسرائیل کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانا ہے، جبکہ غیر ریاستی مسلح گروہوں کی تحلیل اور ان کی دوبارہ تشکیل کی روک تھام کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
امریکا نے لبنانی مسلح افواج کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک 22 جون سے شروع ہونے والے ہفتے میں سیاسی اور سکیورٹی مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے۔



