رافیل گروسی کی اماراتی وزیر خارجہ سے ملاقات، ایٹمی پلانٹ پر حملے بارے تبادلہ خیال

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے سربراہ رافیل گروسی نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید سے ملاقات کی، جس میں براکہ ایٹمی پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے سمیت خطے کی جوہری سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اماراتی وزیر خارجہ نے بتایا کہ براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر حملہ عراق کی جانب سے کیا گیا تھا، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث حساس جوہری تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
اس سے قبل رافیل گروسی نے قطر کے وزیراعظم سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، جوہری عدم پھیلاؤ اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جاری مذاکرات اور حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
آئی اے ای اے سربراہ نے کہا کہ خلیجی خطے میں جوہری سلامتی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، اسی تناظر میں وہ اہم علاقائی دورے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن اور استحکام کا حصول صرف سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
رافیل گروسی نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے جوہری تحفظ اور سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ شہری ایٹمی تنصیبات کا تحفظ عالمی امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں جاری بعض جوہری سرگرمیاں رک چکی ہیں اور ایجنسی متحدہ عرب امارات کو مختلف شعبوں میں تکنیکی معاونت بھی فراہم کر رہی ہے۔



