اوکاڑہ: کھلے مین ہولز محفوظ بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک، حفاظتی جال لگانے کا کام تیز

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے(ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلع بھر میں کھلے مین ہولز میں حفاظتی جال لگانے کا کام تیزی سے جاری، اس سلسلہ میں عوام الناس بالخصوص بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے واسا اور ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں کے اہلکار متحرک ہو گئے ہیں۔ مون سون کی آمد اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ضلع بھر میں مین ہولز کے اندر حفاظتی جال لگانے کی مہم تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ ضلع اوکاڑہ کی حدود میں کوئی بھی مین ہول بغیر کور یا بغیر حفاظتی نیٹ کے نہیں رہنا چاہیے۔ اس مہم کا مقصد بارشوں کے دنوں میں یا اندھیرے کے باعث مین ہول کا ڈھکن چوری یا ٹوٹ جانے کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹیاں اور واسا کے عملہ فیلڈ میں موجود ہیں اور ترجیحی بنیادوں پر گلیوں، محلوں اور شاہراہوں پر موجود تمام مین ہولز کو چیک کر کے مضبوط پلاسٹک کے حفاظتی نیٹ نصب کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ مین ہولز میں سیفٹی نیٹ لگانے کا فیصلہ مفادِ عامہ اور شہریوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔ بارش کے پانی یا حادثاتی طور پر مین ہول کا ڈھکن ہٹ جانے سے بڑے حادثات جنم لیتے ہیں۔ ان حفاظتی جالوں کی انسٹالیشن سے خدانخواستہ ڈھکن نہ ہونے کی صورت میں بھی کوئی اندر نہیں گر سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنے گلی محلوں میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی کریں تاکہ مین ہولز کی تنصیب اور حفاظتی جال لگا کر انہیں محفوظ بنایا جا سکے

مزید خبریں

Back to top button