ایران کی اسرائیل کو سخت وارننگ، بیروت پر حملہ ہوا تو شمالی اسرائیل نشانے پر ہوگا

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر نے اسرائیل کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بیروت یا ضاحیہ پر حملہ کیا گیا تو شمالی اسرائیل میں موجود اہم علاقوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
بیان کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو لبنان کے دارالحکومت بیروت اور ضاحیہ پر حملوں کی دھمکیاں دے چکے ہیں اور بعض علاقوں کے مکینوں کو انخلا کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ایرانی کمانڈر نے کہا کہ اگر اسرائیل نے اپنی دھمکیوں پر عمل کیا تو مقبوضہ علاقوں کے شمالی حصوں اور فوجی بستیوں میں موجود افراد ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے علاقے خالی کر دیں۔
بیان میں اسرائیل پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ لبنان اور غزہ میں مزید عسکری کارروائیاں خطے کی کشیدگی میں خطرناک اضافہ کر سکتی ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق اگر ریڈ لائنز عبور کی گئیں تو اسے براہِ راست جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔
ایرانی حکام نے زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی اور کسی بھی ممکنہ کارروائی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔



